ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کلبرگی میں میاں بیوی کا بہیمانہ قتل؛ ماسک پہن کر گھر میں داخل ہوئے تھے قاتل

کلبرگی میں میاں بیوی کا بہیمانہ قتل؛ ماسک پہن کر گھر میں داخل ہوئے تھے قاتل

Sun, 04 Oct 2020 17:20:55    S.O. News Service

کلبرگی  4/ اکتوبر (ایس او نیوز)  ضلع کےکملاپور تعلقہ کے  تانڈا نامی مقام پر میاں اور بیوی کو کچھ  نامعلوم لوگوں نے دھاردار ہتھیاروں سے حملہ کرتے ہوئے ہلاک کردیا، واردات جمعہ کی شب قریب 11:30 بجے پیش آئی۔ پتہ چلا ہے کہ کچھ ماہ قبل ان کی ایک بیٹی کے ساتھ دو لوگوں نے عصمت دری کی کوشش کی تھی اور پولس نے پوسکو ایکٹ کے تحت دو لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا تھا۔ پولس کو شک ہے کہ اُس واردات کے تار ان کے قتل کے ساتھ جڑے ہیں۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مرنے والوں کی شناخت  ماروتی دیولا جادھو (45) اور ان کی دوسری اہلیہ شاردا بائی جادھو (40) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔   بتایا گیا ہے کہ ماروتی کو جملہ سات اولاد ہیں جس میں چار پہلی بیوی سے اور تین دوسری بیوی سے ہیں۔

ایک دس سالہ بچہ جو اس  قتل کا عینی شاہد ہے، نے پولس کو بتایا کہ  رات قریب 11:30 بجے اچانک کچھ لوگ زبردستی گھر کے  اندر داخل ہوئے اور ان کے والد ماروتی پر جو سورہے تھے، پیٹ میں چاقو گھونپ دیا۔  حملہ کو دیکھ کر  شاردا بائی اور بچے ہڑبڑا کو گھر کےاندر کی طرف بھاگنے لگے،  بعد میں انہوں نے شاردا بائی کو کمرے سے باہر کھینچ کر اُس پر بھی  چاقو سے حملہ کرکے انہیں  مار دیا۔ پتہ چلا ہے کہ جس وقت یہ حملہ ہوا،  اُس وقت گھر پر تین بچے تھے جو گھر سے باہر بھاگ گئے اور اپنے چاچا کے گھر پر جاکر پناہ لی۔ اس دوران حملہ آور بھی واردات کو انجام دے کر  فرار ہوگئے۔ بچوں نے  چاچا کے گھر پہنچ کر   انہیں حملہ کے تعلق سے جانکاری دی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی چاچا سمیت گاوں والے فورا  ان کے مکان پہنچے  جہاں دونوں دم توڑ چکے تھے۔پتہ چلا ہے کہ  مہلوک خاتون  شاردا بائی حاملہ تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ 23 جولائی کو  میاں بیوی نے پولس تھانہ میں شکایت درج کرائی تھی  کہ ان کی بیٹی کے ساتھ دو لوگوں نے عصمت دری کی کوشش کی ہے۔اس تعلق سے پولس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا تھا جو ابھی بھی جیل میں بند ہے البتہ دوسرا شخص فرار ہے۔

اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے  ایڈیشنل ایس پی پرسنا دیسائی نے بتایا کہ  ہمیں شک  ہے کہ پوکسو ایکٹ کے تحت جو معاملہ درج کیاگیا تھا، اُسی کے پس منظر میں اس قتل کو انجام دیا گیا ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ خاندان والوں نے شکایت میں بتایا ہے کہ 15 لوگوں کی مدد سے تین لوگوں نے اس  قتل کو انجام دیا ہے۔ قاتل کون ہے، ابھی معلوم نہیں ہوا ہے جبکہ ایک لڑکا ہی اس قتل کا عینی شاہد ہے۔

واردات کے  بعد پورے علاقے میں خوف  و ہراس پائی جارہی ہے۔ جبکہ پولس واقعے کو لےکر چھان بین کررہی ہے۔ سنیچر کو ضلع کے ایس پی  ڈاکٹر سیمی مریم جارج نے تانڈا دیہات کا دورہ کرتے ہوئے  حالات کا جائزہ لیا ہے۔

 

 

 


Share: